لکھنؤ،02/اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سیتاپور جیل اہلکاروں کا مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے۔یہ وہی جیل ہے یہاں اناؤ گینگ ریپ کیس کے ملزم کلدیپ سینگر بند ہیں۔اتر پردیش پولیس نے اس وائرل ویڈیو کے معاملے میں تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔پولیس ڈائریکٹر جنرل (جیل) آنند کمار نے یہاں کہاکہ میں نے ویڈیو کو نہیں دیکھا ہے لیکن یہ بات میرے علم میں آئی ہے،ہم اس معاملے کی جانچ کروائیں گے اور سخت کارروائی کی جائے گی،اگر کوئی پولیس اہلکار ایسا کرتا پایا گیا تو اسے برطرف کر دیا جائے گا۔سیتاپور جیل کے باہر کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں کرتا پائجامہ پہنے ایک شخص باہر آکر ایک پولیس اہلکار کو کچھ دیتے ہوئے نظر آ رہا ہے،اس شخص کی شناخت رکو شکلا کے طور پر ہوئی ہے اور یہ اناؤ ضلع پنچایت کا رکن ہے اورسینگرکاقریبی سمجھاجاتاہے۔ویڈیو کے دوسرے حصے میں موٹرسایکل پر سوار آیا ایک نوجوان کسی سے ممبر اسمبلی سے ملوانے کی بات کہتے ہوئے سنائی دے رہا ہے جس پر وہ شخص کہہ رہا ہے کہ ابھی سختی ہے بعد میں آنا۔رکو شکلا سے جب صحافیوں نے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ سانگر سے ملنے کے لیے ان کاارادہ پولیس اہلکاروں کو رشوت دینے کا نہیں تھا۔شکلا نے کہاکہ یہ میری عادت ہے جب میں جیل ملنے جاتا ہوں تو ان (پولیس اہلکاروں) کو چائے پانی کے لیے کچھ دے دیتا ہوں، یہ رشوت نہیں ہے،میں دس پندرہ دن پہلے سانگر سے ملا تھا کیونکہ وہ میرے رکن اسمبلی ہیں،میں بی جے پی سے منسلک نہیں ہوں۔